ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وشال گڑھ تشدد: 2کروڑ85 لاکھ روپے کی املاک کا نقصان

وشال گڑھ تشدد: 2کروڑ85 لاکھ روپے کی املاک کا نقصان

Thu, 18 Jul 2024 17:32:45    S.O. News Service

کولہاپور،18/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) گزشتہ دنوں وشال گڑھ میں برپا کئے جانے والے تشدد کے دوران اقلیتی سماج کے افراد کی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ کا اندازہ ہے کہ تقریباً ۲؍ کروڑ ۸۵؍ لاکھ روپے کی املاک کا نقصان ہوا ہے۔

لوک مت کی رپورٹ کے مطابق وشال گڑھ ، گجا پور اور مسلم واڑی میںشرانگیزوں کے حملے میں  دکان، مکان  کے ساتھ ساتھ دو پہیہ  اور چار پہیہ گاڑیوں اور دیگر املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ ابتدائی جانچ میں تقریباً ۲؍کرو ڑ۸۵؍ لاکھ روپے کے مالی نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔اس ضمن میں ضلع انتظامیہ نے رپورٹ تیار کرلی ہے۔

ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  ریاستی حکومت کی جانب سے متاثرین کوجلد از جلد مالی مدد فراہم کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔رپورٹ کے مطابق جن املاک کو نقصان پہنچا ہے ان میں ہوٹل اور گھر:۴۲، ٹووہیلر:۲۸،فور وہیلر۸، عوامی املاک۲؍ شامل ہیں۔

 ضلع افسرامول یڑگے نے منگل کے روز اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ہم نے  تشدد کے دوران ہونے والے مالی نقصان کی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ پنچنامہ بنانے کیلئے ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔  ہم متاثرین کو جلد ازجلد معاوضہ دلانے کی کوشش کررہے ہیں۔‘‘مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈران کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کےبعد انہوں نے پریس کانفرنس منعقد کی اور مذکورہ بالا تفصیلات فراہم کیں۔

امول یڑگے نے کہا کہ’’تشدد متاثرین کو مدد فراہم کرنے کیلئے تیزی سے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے یہ تیقن بھی دیا کہ کولہاپور کے سماجی اتحاد کو برقرار رکھنے اور لاء اینڈآرڈر کی بہتری کے لئے اس معاملے کے خاطیوں پر سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تجاوزات کے متعلق بتایا کہ ’’وشال گڑھ کے قلعے پر گزشتہ دو دنوں  سے  تجاوز ات مخالف دستہ کی کارروائی  جاری ہے اور تقریباً  ۱۰۰؍سے زائد املاک کے تجاوز کو ختم کردیا گیا ہے۔ کئی افراد نے خود ہی تجاوز کو ہٹادیا ہے۔تجاوزات کے ملبہ کو قلعہ سے ہٹایا جائے گا۔رہائشی تجاوزات کو فی الحال بارش کے پیش نظر نہیں ہٹایا جارہا ہے۔‘‘


Share: